بنگلورو22؍اگست(ایس او نیوز)منگلور میں حال ہی میں مویشیوں کو لے جانے والے ایک تاجر پروین پجاری کے بجرنگ کارکنوں کے ہاتھوں قتل پر تبصرہ کرتے ہوئے آج کانگریس پارلیمانی پارٹی لیڈر ملیکارجن کھرگے نے کہاکہ میویشیوں کی پرورش کرنے والے پروین پجاری کو قتل کرکے فرقہ پرست تنظیموں بالخصوص بی جے پی نے اپنے دوغلے پن کا ثبوت دیا ہے۔اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کھرگے نے کہاکہ ایک طرف یہ لوگ گؤ رکشا کے نام پر گائے کی حفاظت کا دعویٰ کرتے ہیں تو دوسری طرف گائے کو پالنے والے فرد کا ہی بہیمانہ قتل کردیتے ہیں۔ گؤ کشی اور گؤ رکشا کے معاملے میں یہ بی جے پی کا دہرا معیار ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر گائے کی حفاظت کے معاملے میں دہرا معیار اپنانے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ یہ درست نہیں ہے۔مرکز کو اپنی روش بدلنی چاہئے۔ ہندوستانی فوج کے خلاف ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ایک جلسے میں نعرہ بازی کئے جانے کے واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کھرگے نے بی جے پی اور اے بی وی پی پر شدید نکتہ چینی کی اور کہاکہ چند معاملات کو سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہئے۔ایسی کوششوں سے لوگوں میں نفرت کو بڑھاوا ملے گا۔ آج وہ لوگ جو ملک کی حفاظت کی ذمہ داری لے کر اقتدار پر قابض ہیں وہی قانون شکنی پر اتر آئے ہیں۔ نعرہ بازی کے سلسلے میں اگر بی جے پی یا اے بی وی پی کو حقائق کا علم ہے تو حکومت کو اس سے واقف کرائیں۔ ایسا کرنے کی بجائے اس معاملے کو سیاسی رنگ میں رنگنے کی کوشش غلط ہے۔ غیر ضروری طور پر حکومت کو بدنام کرنے کی کوششوں کو غلط قرار دیتے ہوئے مسٹر کھرگے نے کہاکہ معاملے کی جانچ کے احکامات صادر کئے گئے ہیں اگر یہ ثابت ہوا کہ جلسہ کے منتظمین سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو انہیں بخشا نہیں جائے گا۔